لاہور (ویب ڈیسک)لاہور میں موٹرسائیکلیں قسطوں پر فروخت کرنے والے ایک شہری کے نام پر 23 لاکھ روپے سے زائد کے ٹریفک چالان جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سیف سٹی ذرائع کے مطابق مذکورہ شہری کے نام پر مجموعی طور پر 500 موٹرسائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، جن پر سیف سٹی کی جانب سے اب تک 2 ہزار 71 چالان بھجوائے جا چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قسطوں پر موٹرسائیکلیں فروخت کرنے والا یہ شہری گڑھی شاہو کا رہائشی ہے، جو اب تک 500 سے زائد موٹرسائیکلیں قسطوں پر فروخت کر چکا ہے۔ تاہم خریداروں کی بڑی تعداد نے نہ تو موٹرسائیکلوں کی مکمل قیمت ادا کی ہے اور نہ ہی انہیں اپنے نام منتقل کروایا ہے۔
سیف سٹی ذرائع کے مطابق موٹرسائیکلیں تاحال دکاندار کے نام پر ہی رجسٹرڈ ہونے کے باعث تمام ٹریفک چالان اسی شہری کے نام پر جاری ہو رہے ہیں، جس سے اسے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس صورتحال نے قسطوں پر موٹرسائیکل فروخت کرنے کے کاروبار میں رجسٹریشن اور قانونی تقاضوں کی اہمیت کو اجاگر کر دیا ہے۔