بنوں (ویب ڈیسک)بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں چوکی شیخ لنڈک پر رات گئے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
خیبر پختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس کی مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا، اور کئی دہشت گرد ہلاک یا زخمی ہوئے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایات پر، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
ڈی آئی جی اور ڈی پی او نے حملہ پسپا کرنے پر پولیس جوانوں کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ بنوں پولیس وطن کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔