کوئٹہ: موسیٰ خیل میں شہریوں کو دہکتے انگاروں پر چلانے کے واقعے کے بعد قانون حرکت میں آ گیا ہے اور پولیس نے جرگہ کے 6 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ مفرور 2 جرگہ ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل رزاق خجک کا کہنا ہے کہ تمام ملزموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جرگے نے 6 افراد کو دکان میں چوری کے شبہ میں بے گناہی ثابت کرنے کے لیے انگاروں پر چلنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ مقامی دکاندار نے 20 ہزار روپے کی چوری کے الزام پر ان 6 افراد پر شک کا اظہار کیا تھا۔
یہ خبر بھی پڑھیں
موسی خیل: مبینہ چوروں کو انگاروں پر چلانے کا واقعہ، بااثر افراد نے قانون ہاتھ میں لیا
ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کی کہ کوٹ خان محمد میں چوری کے شبہ پر رسم کے نام پر 8 افراد کو انگاروں پر چلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد جرگہ بلایا گیا اور دکاندار کے اصرار پر مشتبہ افراد کو انگاروں پر چلانے کی سزا دی گئی۔
مزید برآں، پولیس اور مقامی انتظامیہ واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہیں تاکہ اس طرح کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کی جا سکے اور آئندہ اس قسم کے جرائم یا جرگہ کے غیر قانونی فیصلوں کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔