اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی، اتحاد اور محنت سے آگے بڑھانا ہوگا، “جادو ٹونے سے نہیں، ملک محنت سے ترقی کرے گا”۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور معاشی ترقی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔

اسلام آباد میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ قوم میں یکجہتی قائم ہونے تک حقیقی ترقی ممکن نہیں۔ کنونشن میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی خصوصی شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، مگر اگر افواجِ پاکستان کی قربانیوں کا مذاق اڑایا جائے گا تو دنیا پاکستان کی عزت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ “جب فوج کے خلاف زہر آلود پروپیگنڈا ہو تو اس کا دفاع حکومت، علما اور پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔”

انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں عظیم فتح قوم کی دعاؤں اور افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ہر سپاہی نے بہادری، ہمت اور ایمان سے دشمن کا مقابلہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارت کے خلاف جنگ جرات اور ثابت قدمی سے لیڈ کی، اور مسلح افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے بھرپور محنت سے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔

ملکی اتحاد پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمے کے بغیر امن ممکن نہیں، افسوس کہ آج بھی کچھ لوگ یہ سوچ رکھتے ہیں کہ کس کے پیچھے نماز پڑھنی ہے اور کس کے پیچھے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوارج کے حملوں میں بے گناہ پاکستانی شہید ہو رہے ہیں، مگر شہداء نے اپنی جانیں قربان کرکے سینکڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے