ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ)تونسہ روڈ پر یارو موڑ کے مقام پر شدید دھند کے باعث بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ریسکیو کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کے مطابق یارو موڑ سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کال میں اطلاع دی گئی کہ دھند کے باعث بس اور ٹرالہ آپس میں ٹکرا گئے ہیں اور متعدد افراد زخمی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک موٹر بائیک سروس، دو ایمبولینسز اور دو ریسکیو وہیکلز جائے حادثہ پر روانہ کیے، جبکہ پولیس کنٹرول روم کو بھی اطلاع دے دی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں 18 سالہ اسحاق ولد ساجد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جسے شدید چوٹیں آئی تھیں۔ ٹرالے کا ڈرائیور گاڑیوں کے درمیان پھنس گیا تھا جسے ہائیڈرالک کٹر استعمال کرکے نکالا گیا۔ زخمی شخص 30 سالہ رمضان ولد عبدالعزیز کو پاؤں کے فریکچر کے ساتھ ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بس اور ٹرالر کو ایک دوسرے سے الگ کرکے بس کو روڈ سے ہٹا دیا جبکہ ٹرالر کو ہٹانے کا کام جاری رہا۔