اسلام آباد (ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن شیڈول کے مطابق 28 دسمبر کو ہی ہوں گے۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت آئین کے مطابق الیکشن کمیشن اور متعلقہ اداروں کو مکمل معاونت فراہم کرے۔ کمیشن نے ہدایت کی کہ ووٹرز، امیدواروں، عوام اور پولنگ اسٹاف کی سکیورٹی کے لیے فول پروف اقدامات یقینی بنائے جائیں اور پورے کوئٹہ ڈسٹرکٹ میں پُرامن اور بلا تعطل پولنگ کرائی جائے۔
ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد کا اختلافی نوٹ
فیصلے کے ساتھ ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد نے اختلافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سخت سردی کی وجہ سے کوئٹہ میں ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ لوگ موسم کی شدت کے باعث اکثر دوسرے اضلاع کا رخ کر لیتے ہیں۔
شاہ محمد نے مزید لکھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سازگار نہیں ہے، اس لیے کوئٹہ میں بلدیاتی الیکشن موسم اور سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے تک ملتوی کیے جائیں۔