اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان اور برطانیہ نے اسٹریٹجک ترقیاتی مذاکرات کو سالانہ بنیادوں پر ادارہ جاتی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ وزارت اقتصادی امور کے ترجمان کے مطابق وزارتی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں دونوں ممالک نے 2017 کے بعد دوبارہ ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے برطانیہ کی دیرینہ معاونت اور بالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران فراہم کی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ مذاکرات میں اقتصادی استحکام، برآمدات پر مبنی ترقی، ادارہ جاتی اصلاحات اور موسمی تغیرات کے مطابق اہم شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق برطانوی وفد نے پاکستان کی مالیاتی اصلاحات اور برآمدات میں مسابقت بڑھانے کی کوششوں کو سراہا۔ مذاکرات کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ یہ مذاکرات ہر سال باقاعدہ ادارہ جاتی بنیادوں پر منعقد ہوں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ترقیاتی تعاون مضبوط اور مستحکم رہے۔
پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کر رہے تھے، جبکہ مذاکرات میں وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم، سیکریٹری داخلہ خرم آغا، سیکریٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرہ، سیکریٹری پلاننگ اویس منظور اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ برطانوی وفد کی قیادت وزیر مملکت برائے بین الاقوامی ترقی جینیفر چیپ مین نے کی۔