ماسکو: روسی وزارتِ دفاع کے مطابق ایک فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ منگل کے روز مرمت کے بعد کی گئی ٹیسٹ فلائٹ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
سرکاری خبررساں ادارے تاس نے بتایا کہ حادثے کے وقت طیارے میں 7 افراد سوار تھے، جن کی حالت کے بارے میں تاحال کوئی معلومات موصول نہیں ہو سکیں۔
وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا کہ "آئیوانوو ریجن میں مرمت کے بعد کی گئی ٹیسٹ فلائٹ کے دوران اے این-22 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔” طیارہ غیر آباد علاقے میں گرا۔
آئیوانوو ماسکو کے مشرق میں تقریباً 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ وزارتِ دفاع نے مزید بتایا کہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں موقع پر بھیج دی گئی ہیں اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق اس حادثے کا روس کے یوکرین کے خلاف جاری حملے یا کیف کے کسی ممکنہ کردار سے کوئی تعلق ظاہر نہیں کیا گیا۔