اسلام آباد (ویب ڈیسک):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ “ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان قرضوں سے مکمل نجات حاصل کرکے معاشی طور پر خود کفیل ہوگا۔” انہوں نے آئی ایم ایف کی جانب سے جاری پروگرام کے تحت مالی اجراء کو حکومتی معاشی اصلاحات پر عالمی اعتماد قرار دیا۔

قومی معیشت کی بہتری سے متعلق اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے مؤثر نفاذ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز) کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے معاشی اصلاحات پر اطمینان اور حالیہ مالی اجراء وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت کا اعتراف ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کے لیے درکار اقدامات پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر استحکام کی راہ پر ڈالنا ایک مشکل مرحلہ تھا، جس کیلئے سیاسی قیادت نے سیاست اور قوم نے معاشی مشکلات برداشت کر کے ناممکن کو ممکن بنایا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ:

پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن اب دنیا میں ایک کامیاب کیس اسٹڈی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

استحکام کے بعد اب معیشت کو ترقی کی طرف لے جانے کے لیے مزید محنت درکار ہے۔

“بطور خادم پاکستان، قوم کی خوشحالی اور ملک کی بیرونی قرضوں سے مکمل نجات تک محنت جاری رکھوں گا۔”

انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان کا معاشی ترقی کا خواب جلد حقیقت بنے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے