لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ن لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ایک ذہنی مریض ہیں، اور ان کی جماعت کے لوگ ’’خان نہیں تو کچھ نہیں‘‘ کی سوچ رکھتے ہیں جس پر ہم لعنت بھیجتے ہیں، کیونکہ اصول یہ ہے کہ ’’پاکستان نہیں تو کچھ نہیں‘‘۔
عطا تارڑ نے خیبر پختونخوا کی صورت حال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاں تحریک انصاف کی ساڑھے 12 سال سے حکومت ہے مگر ایک بھی بڑا ترقیاتی منصوبہ مکمل نہ کر سکی۔ صوبے کو کھنڈر بنا دیا گیا، ایک اسپتال تک نہیں بنا سکی، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں فرانزک لیب سمیت کئی منصوبے مکمل کیے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں بزدار پلس پلس کی حکومت کا جلسہ عوام نے مسترد کر دیا۔ عمران خان نے 190 ملین پاؤنڈ کی میگا کرپشن کی، ملکی معیشت کو تباہ کیا، اور اسپتالوں کے فنڈز تک کھا گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو عبرتناک شکست دی اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دشمن پر خوف طاری ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے دور میں بھارت پر حملہ کرنے کی جرأت تک نہ کی، کشمیر کا مقدمہ بھی نہ لڑا، الٹا فوج پر الزامات لگاتے رہے۔ ان کے بیانات بھارت اور افغانستان کے میڈیا پر چلتے ہیں، جس سے واضح ہے کہ یہ پاکستان کے مفادات کے بجائے اپنے اقتدار کے لیے لڑ رہے ہیں۔ جب ان سے 190 ملین پاؤنڈ کیس یا توشہ خانہ کا پوچھا جاتا ہے تو یہ فوج کو برا بھلا کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کی ویڈیوز موجود ہیں جن میں ان کی بہنیں بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی نے وہ کام کیا جو دشمن بھی نہ کر سکا۔ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔
عطا تارڑ نے زور دیا کہ یہ لوگ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے فوج پر تنقید کرتے ہیں، جبکہ فوج بھارت جیسی پانچ گنا بڑی قوت کو شکست دے چکی ہے۔ ایسے الزامات پر انہیں شرم آنی چاہیے۔