سی ڈی اے نے جی سکس فور میں مکان کی الاٹمنٹ منسوخ کردی، اسجد محمود پولیس کے ہاتھوں گرفتار

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیل کردی، جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق گھر میں موجود ان کے بیٹے اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا۔ سی ڈی اے نے اس کارروائی کے حوالے سے چار صفحات پر مشتمل حکم نامہ بھی جاری کردیا ہے، جس میں مکان کے مالک امان اللہ کے نام رہائشی پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کرنے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔

سی ڈی اے کے حکم نامے کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور، اسٹریٹ نمبر 83، مکان نمبر 7 کی ملکیت کی تبدیلی فوری طور پر منسوخ کردی گئی ہے۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسپیشل برانچ کی 22 نومبر 2026 کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کی گئیں۔

حکم نامے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومتی اداروں کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ مکان کے مالک امان اللہ غیر ملکی شہری ہیں اور ان کا پاکستانی شناختی کارڈ بھی منسوخ ہوچکا ہے۔ سی ڈی اے کے مطابق امان اللہ کا شناختی کارڈ ان کے والدین کے شناختی کارڈز کی بنیاد پر جاری کیا گیا تھا، تاہم خاندانی ریکارڈ میں تضاد سامنے آنے پر نادرا نے ان کا شناختی کارڈ منسوخ کردیا تھا۔

سی ڈی اے کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے 25 نومبر کو اتھارٹی کو اس معاملے سے آگاہ کیا، جس کے بعد اسی روز امان اللہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ انہیں 26 نومبر کو ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے کے سامنے پیش ہوکر اپنا مؤقف دینے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم وہ مقررہ تاریخ پر پیش نہیں ہوئے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے نے دستیاب سرکاری ریکارڈ اور نادرا کی تصدیقی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا۔ اتھارٹی نے غیر ملکی شہریوں کی جانب سے پاکستان میں جائیداد حاصل کرنے سے متعلق قانونی پابندی کا بھی حوالہ دیا، جس کے تحت غیر ملکی شہری پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں زمین یا جائیداد حاصل نہیں کرسکتا۔

سی ڈی اے نے انہی وجوہات کی بنیاد پر امان اللہ کے نام مکان کی ملکیت کی تبدیلی فوری طور پر منسوخ کردی۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران گھر میں موجود مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود کو بھی گرفتار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے