اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا ہے، جس میں رکن ممالک کے مابین عسکری و سٹریٹجک روابط کو مزید مستحکم بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے دو، دو نمائندے شریک ہیں۔ اجلاس کے ایجنڈے میں تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال شامل ہے۔
واضح رہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے فریم ورک کے تحت اس کمیٹی کا یہ تیسرا اجلاس ہے، اس سے قبل اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے دو اجلاس بالترتیب سعودی عرب اور ترکیے میں کامیابی سے منعقد ہو چکے ہیں۔ اس تسلسل کا مقصد تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک ہم آہنگی کو ادارہ جاتی شکل دینا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط لائحہ عمل طے کرنا ہے۔