گوجرانوالہ میں آٹے کی فراہمی برقرار، فلور ملز کے دورے اور مارکیٹ چیکنگ جاری

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نو شاہی) ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شہباز اقبال سپرا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ خوراک اور فلور ملز مالکان کے باہمی تعاون سے گوجرانوالہ میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ ضلع بھر میں آٹے کا کوئی شارٹ فال نہیں اور مارکیٹ میں وافر مقدار میں آٹا دستیاب ہے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شہباز اقبال سپرا کی شب و روز کوششوں اور فلور ملز مالکان کے تعاون سے ضلع گوجرانوالہ میں سستے آٹے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے محکمہ خوراک کی جانب سے مختلف فلور ملز اور آٹا پوائنٹس کی باقاعدگی سے نگرانی کی جا رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شہباز اقبال سپرا روزانہ کی بنیاد پر مختلف فلور ملز کا دورہ کرتے اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی چیک کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز انہوں نے القمر فلور ملز کا دورہ کیا اور مارکیٹ میں فراہم کیے جانے والے آٹے کا معائنہ کیا، جو مقررہ پوائنٹس پر دستیاب تھا۔

بعد ازاں انہوں نے زمزم ون اور زمزم ٹو فلور ملز کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں آٹے کی کوالٹی، مقدار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ملز میں آٹے کی تیاری اور فراہمی کے انتظامات بھی چیک کیے۔

فلور ملز کے دوروں کے بعد ڈی ایف سی شہباز اقبال سپرا نے مارکیٹ میں آٹے کے مختلف پوائنٹس کا معائنہ کیا اور آٹے کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے فلور ملز مالکان کے ساتھ اجلاس بھی کیا، جس میں آٹے کی مسلسل فراہمی اور مارکیٹ میں وافر مقدار میں دستیابی کے حوالے سے امور زیرِ بحث آئے۔

ڈی ایف سی شہباز اقبال سپرا نے ضلع گوجرانوالہ میں آٹے کی فراہمی برقرار رکھنے اور شہریوں کو سستے آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے فلور ملز مالکان کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر تمام ملز مالکان نے بھی محکمہ خوراک کے تعاون پر ڈی ایف سی شہباز اقبال سپرا کا شکریہ ادا کیا۔

محکمہ خوراک کی جانب سے آٹے کی دستیابی، معیار اور مقدار کی نگرانی کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سستے آٹے کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے