اوکاڑہ کے بازاروں میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کا حکم، معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے شہر کے مختلف بازاروں میں جاری ترقیاتی کاموں کا دورہ کرکے رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے اور تمام کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ بازاروں میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی سہولت اور آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں اور تاجروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ہر مرحلے پر کام کی رفتار اور معیار کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بازاروں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران شہریوں اور تاجروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہونا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہریوں اور تاجروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ بازاروں میں آمدورفت کو آسان بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے۔ متعلقہ محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ عوامی مفاد کے ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے