پشاور (کیو این این ورلڈ) سینئر صحافی سلطان شاہ کی وفات پر اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن نے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی (ستارہ امتیاز) نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سلطان شاہ کی وفات صحافت کے شعبے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی سچ، حق اور عوامی مسائل کی ترجمانی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ مرحوم ایک بے باک، اصول پسند اور نڈر صحافی تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض دیانت داری اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیے۔
ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ سلطان شاہ نے اپنے صحافتی کیریئر کے دوران صحافتی اقدار کی پاسداری کو ہمیشہ مقدم رکھا اور نوجوان صحافیوں کی رہنمائی میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی تحریریں، کالم اور صحافتی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے صحافتی برادری ایک ایسے تجربہ کار اور بااصول قلم کار سے محروم ہوگئی ہے جس نے اپنی تحریروں کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور حقائق کی ترجمانی کو اپنا شعار بنائے رکھا۔
ایسوسی ایشن کے صدر نے مرحوم کے اہلِ خانہ، لواحقین اور صحافی برادری سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے۔
بیان میں اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن کے تمام عہدیداروں اور اراکین نے بھی سلطان شاہ کی مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کی صحافتی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔