سلمان ویلفیئر فاؤنڈیشن کا قیام خوش آئند ہے، مقررین کا افتتاحی تقریب سے خطاب

سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی شرکت، مستحق افراد کی مدد، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں فلاحی خدمات کے فروغ کا عزم

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) باڑہ پریس کلب میں سلمان ویلفیئر فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی ممتاز سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں فاؤنڈیشن کے قیام کو علاقے میں فلاحی سرگرمیوں کے فروغ اور مستحق افراد کی خدمت کے حوالے سے ایک اہم اقدام قرار دیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں سابق پارلیمنٹرین حاجی محمد شاہ آفریدی، اے آر ڈی سی ممبر حاجی شیرین آفریدی، جماعت اسلامی کے قاضی مومن آفریدی، شاہ جہان آفریدی، اے این پی خیبر کے نائب صدر کے صدیق چراغ آفریدی، مسلم لیگ (ن) کے صدر اصغر خان آفریدی اور سر قاسم آفریدی سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران سلمان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قیام کے مقاصد، مجوزہ فلاحی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ معاشرے کے مستحق، نادار اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں فلاحی خدمات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے انفرادی کوششوں کے ساتھ منظم اداروں کا کردار بھی اہمیت رکھتا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ایسے فلاحی اداروں کا قیام ضروری ہے جو ضرورت مند افراد کی مشکلات کم کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ فلاحی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف مستحق خاندانوں کی مدد ممکن ہے بلکہ تعلیم اور صحت جیسے اہم شعبوں میں بھی مثبت پیش رفت کی جا سکتی ہے۔

شرکائے تقریب نے سلمان ویلفیئر فاؤنڈیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ علاقے میں فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے، مستحق افراد کی معاونت اور عوامی خدمت کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گا۔

تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ فاؤنڈیشن اپنے طے شدہ مقاصد کے تحت فلاحی خدمات کے دائرہ کار کو آگے بڑھانے اور معاشرے کے ضرورت مند طبقات کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے