خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نور حلیم آفریدی) قومی نیوز نیٹ ورک (کیو این این ورلڈ) کی جانب سے اپر باڑہ میں رابطہ پل کی عدم موجودگی اور مقامی آبادی کو درپیش مشکلات اجاگر کرنے والی خبر پر حکام بالا نے نوٹس لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی نے اپر باڑہ میں گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے رابطہ پل کی منظوری کی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس پر جلد کام شروع کرکے چھ ماہ کے اندر تعمیر مکمل کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 2023ء میں اپنے علاقوں سے بے دخل ہونے والے متاثرین کی رجسٹریشن اور کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ کی بند تنخواہیں فوری ادا کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قوم سپاہ کے مشران اور خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے رہنماؤں پر مشتمل وفد نے خیبر ہاؤس میں ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی سے ملاقات کی اور انہیں اپر باڑہ کے مختلف علاقوں سنڈا پال، درے نغری، خاپور اور دروٹہ کے متاثرین سمیت مقامی آبادی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
وفد نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں کے مکین 2023ء میں اپنے گھروں سے بے دخل ہوئے تھے، تاہم تاحال ان کی رجسٹریشن نہیں ہو سکی اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی سرکاری معاونت فراہم کی گئی ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ متاثرین کی فوری رجسٹریشن کرکے انہیں ان کے جائز حقوق دیے جائیں۔
مشران نے ڈپٹی کمشنر کو اپر باڑہ میں رابطہ پل کی عدم موجودگی سے پیدا ہونے والی مشکلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ علاقے کے عوام کو آمدورفت کے لیے شدید دشواری کا سامنا ہے۔ اس موقع پر اپر باڑہ میں زیر تعمیر سسپنشن برج کا باقی ماندہ کام مکمل کرنے اور کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ کی طویل عرصے سے بند تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر شاہد علی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ سنڈا پال، درے نغری اور دیگر متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی رجسٹریشن سمیت ان کے تمام جائز حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی آواز بننا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور نئے نظام کے تحت ابتدائی مراحل مکمل ہوتے ہی ان کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
اپر باڑہ کے عوام کے دیرینہ مطالبے پر خوشخبری سناتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے وفد کو بتایا کہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے رابطہ پل کی منظوری ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ بہت جلد اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا اور چھ ماہ کی مختصر مدت میں پل کی تعمیر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کمیونٹی سکولوں کے اساتذہ کی ڈپٹی کمشنر آفس سے ادا ہونے والی بند تنخواہوں کے حوالے سے متعلقہ حکام کو فوری ادائیگی کے احکامات بھی جاری کیے۔
اس پیشرفت پر وفد کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد علی کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کو سراہا۔
واضح رہے کہ کیو این این ورلڈ نے 25 اکتوبر 2026ء کو اپنے نیوز بلیٹن میں اور ویب سائٹ پر ’’خیبر: 78 سالہ محرومی اور 13 سالہ تبدیلی… پل نہ ہونے سے انسانیت کندھوں پر سسکنے لگی‘‘ کے عنوان سے خصوصی رپورٹ نشر اور شائع کی تھی۔ رپورٹ میں دریائے باڑہ پر رابطہ پل نہ ہونے کے باعث اپر باڑہ سپاہ کے عوام کی مشکلات، مریضوں کو چارپائیوں اور خچروں پر اٹھا کر کئی کلومیٹر تک لے جانے کی مجبوری اور علاقے کی طویل محرومی کو اجاگر کیا گیا تھا۔
کیو این این ورلڈ کی خبر کے بعد انتظامیہ کی جانب سے رابطہ پل کی منظوری، متاثرین کی رجسٹریشن اور اساتذہ کی بند تنخواہوں کی ادائیگی کے احکامات اس بات کی اہم پیشرفت ہیں کہ عوامی مسائل کو ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے تو ان کے حل کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
ملاقات کرنے والے وفد میں ملک جمر گل، ڈی سی سی ممبر و کوآرڈینیٹر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی قاضی فرمان، سینئر رہنما تراب علی خان، حاجی ملک خان، میدان خان، رخمان گل اور گل بہادر خان شامل تھے۔

