سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ شاہد ریاض کی رپورٹ) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن (SHC&MED) عظمت محمود خان نے علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور طبی عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری صحت نے آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، ایمرجنسی وارڈ اور ہسپتال کے دیگر اہم شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور انہیں دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جبکہ عملے کی حاضری اور کارکردگی بھی چیک کی۔
عظمت محمود خان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سروس ڈیلیوری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہسپتال آنے والے کسی بھی مریض کو علاج معالجے کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طبی سہولیات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سیکرٹری صحت نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی کا بھی خصوصی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام کاؤنٹرز پر مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ مستحق مریضوں کو بروقت اور بلا تعطل ادویات مل سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔