سپین قبر چوک میں نیا میڈیکل سنٹر قائم، مرد و خواتین ڈاکٹرز، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری اور فارمیسی کی سہولت دستیاب ہوگی

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) سپین قبر چوک میں عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مستقیم میڈیکل سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں علاقے کی سیاسی، سماجی اور فلاحی شخصیات نے شرکت کی۔ میڈیکل سنٹر میں مردانہ و زنانہ ڈاکٹرز، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری اور فارمیسی سمیت 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب کے دوران مہمانوں نے فیتہ کاٹ کر میڈیکل سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خیبر شاہد علی، باڑہ سہاسی اتحاد کے ترجمان خان ولی خان، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سربراہ شیخ گل آفریدی، سینئر نائب صدر امیر شاہ آفریدی، تراب علی خان، قاضی شاہ میر جان، جماعت اسلامی کے حاجی اختیار بادشاہ، سابق ویلج چیئرمین جاوید خان، کاروان حق فاؤنڈیشن کے حاجی بہادر خان، سابق ویلج چیئرمین انجینئر بنارس خان اور قاضی عبدالکریم سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

اس موقع پر میڈیکل سنٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے ڈاکٹر انور زادہ اور سابق ویلج چیئرمین ڈاکٹر عارف خان نے بتایا کہ مستقیم میڈیکل سنٹر میں عوام کو 24 گھنٹے صحت کی سہولیات میسر ہوں گی۔ مریضوں کے علاج معالجے میں تمام ضروری طبی تقاضوں اور سہولیات کا خیال رکھا جائے گا، جبکہ علاقے کی خواتین کے لیے دو قابل اور تجربہ کار لیڈی ڈاکٹرز بھی دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ میڈیکل سنٹر میں الٹراساؤنڈ، لیبارٹری اور فارمیسی کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ طبی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ علاقے کے لوگوں کو علاج معالجے کے لیے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔

تقریب میں شریک شخصیات نے مستقیم میڈیکل سنٹر کے قیام کو علاقے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی کامیابی کے لیے اجتماعی دعا کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ میڈیکل سنٹر میں مالی فوائد کے بجائے عوام کی صحت اور بہتر علاج معالجے کو ترجیح دی جائے گی۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر انور زادہ اور ڈاکٹر عارف خان نے اعلان کیا کہ عوام کی سہولت کے لیے بروز بدھ ایک مفت میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں مریضوں کو مفت طبی معائنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے