خیبر (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف نصیب شاہ شینواری) ضلعی محکمہ تعلیم خیبر نے کھیلوں کے میدان میں طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے قابلِ تحسین اقدام کرتے ہوئے ضلعی سپورٹس ٹورنامنٹ کی تمام ونر اور رنر اپ ٹیموں کو اعلیٰ معیار کی سپورٹس یونیفارمز فراہم کر دیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع خیبر مصری خان کی قیادت، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد زاہد کی سرپرستی اور پرنسپلز و ہیڈ ماسٹرز کی نگرانی میں سال 2026ء کے ضلعی سپورٹس ٹورنامنٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے یہ اقدام کیا گیا۔
اسی سلسلے میں گزشتہ روز 7 نومبر 2026ء کو گورنمنٹ ہائی سکول لنڈی کوتل کی فٹ بال رنر اپ ٹیم کی سپورٹس یونیفارمز سکول کے پرنسپل ڈاکٹر حنیف اللہ کے حوالے کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہیں مزید بہتر کھیل پیش کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ سپورٹس یونیفارمز ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد زاہد، جنرل سیکرٹری سپورٹس امیر خان، پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 جمرود وقار خان اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری سپورٹس ضلع خیبر محمد آصف خان آفریدی نے مشترکہ طور پر سکولوں کے سربراہان کے حوالے کیں۔
اس موقع پر شرکاء نے ضلعی سپورٹس سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل طلبہ کی جسمانی صحت اور نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہیں، جبکہ ان کے ذریعے نظم و ضبط، برداشت، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی فروغ ملتا ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کو مثبت اور صحت مند مصروفیات فراہم کرنے کے ساتھ ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
شرکاء نے بالخصوص ڈپٹی جنرل سیکرٹری سپورٹس ضلع خیبر محمد آصف خان آفریدی کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کھیلوں کی ترقی، طلبہ کی جسمانی و ذہنی نشوونما اور اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی مسلسل محنت، لگن اور عملی کردار کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ ضلع خیبر کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے گا اور باصلاحیت طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
بلاشبہ ضلعی محکمہ تعلیم خیبر کا یہ اقدام اس بات کا عکاس ہے کہ جب محکمہ تعلیم، سکولوں کے سربراہان اور سپورٹس منتظمین باہمی تعاون اور مشترکہ جذبے کے ساتھ کام کرتے ہیں تو مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے محکمہ تعلیم ضلع خیبر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی طلبہ کی تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں میں رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع میسر آ سکیں۔