خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی) سب ڈویژنل باڑہ کے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر حاجی خیر محمد آفریدی نے کہا ہے کہ اساتذہ اور ریگولر سٹاف ہر صورت آن لائن حاضری سسٹم کے ذریعے اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ تعلیمی اداروں میں جدید تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، اس لیے اساتذہ بھی خود کو جدید تعلیمی نظام کے مطابق تیار کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اور نجی سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کے باعث بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نجی سکولوں کی انتظامیہ کو اپنی عمارتوں کی حالت اور دستیاب سہولیات بہتر بنانا ہوں گی تاکہ طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے باڑہ کے مختلف پرائمری سکولوں کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر حاجی خیر محمد آفریدی نے اساتذہ کی حاضری اور طلبہ کے رجسٹرز کا معائنہ کیا اور تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ تعلیمی نظام اور اداروں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے، لہٰذا اساتذہ کو بھی دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور خود کو نئے نظام سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔
حاجی خیر محمد آفریدی نے بتایا کہ 5 نومبر سے پرائمری سکولوں کے درمیان سپورٹس گالا منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سرگرمی سے بچوں کی جسمانی صحت بہتر بنانے کے ساتھ ان میں کھیلوں، مثبت مقابلے اور آگے بڑھنے کا رجحان پیدا ہوگا۔ انہوں نے تمام سکولوں کو ہدایت کی کہ ان مقابلوں میں لازمی شرکت کریں۔
دوسری جانب آن لائن حاضری سسٹم کے حوالے سے مقامی اساتذہ نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام تعلیمی اداروں میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم اس کا مؤثر نفاذ ان علاقوں میں زیادہ ممکن ہے جہاں آمدورفت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات دستیاب ہوں۔
اساتذہ کے مطابق قبائلی علاقوں میں بڑی تعداد میں اساتذہ پشاور سے آتے ہیں اور انہیں راستے میں مختلف رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے آن لائن حاضری کے نظام کو نافذ کرتے وقت مقامی سفری مشکلات اور زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔