اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کا یہ کہنا معصومیت کا اظہار ہے کہ اس نے گورنر راج میں کبھی حصہ نہیں مانگا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی اختلافات رہے ہیں، تاہم معاملہ کبھی اس نہج تک نہیں پہنچا۔ وہ مولانا فضل الرحمان کو فوری ردعمل نہیں دینا چاہتے تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کے اچھے مراسم ہیں، ان کی ذات پر حملہ کوئی مسئلہ نہیں، لیکن مولانا حکومت کی ساکھ پر حملہ کر رہے تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 13 سال کے دوران کرپشن عروج پر پہنچی ہے۔ ترقیاتی فنڈز کے لیے بڑی رقم لی جاتی تھی، لیکن پیسہ عوامی منصوبوں پر خرچ ہونے کے بجائے جیبوں میں جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کئی گروپس ہیں اور ہر گروپ ایک دوسرے کے ساتھ جنگ کی حالت میں ہے۔