سیالکوٹ:انعامی قرعہ اندازی کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔

سیالکوٹ(کیو این این ورلڈ / بیوروچیف مدثر رتو ) معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو (Mr. Pattlo) کی مہندی کی تقریب میں انعامی قرعہ اندازی کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 اور مقامی ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس سٹیڈیم میں پیش آیا۔ مہندی کی تقریب میں انعامات کی قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے لیے سٹیڈیم کے داخلی دروازے پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی تھی۔جب گیٹ کھولا گیا تو ہجوم اچانک اندر داخل ہونے کے لیے بے قابو ہو گیا اور شدید بھگدڑ مچ گئی۔

رش کے باعث متعدد افراد نیچے گر گئے اور ایک دوسرے کے پاؤں تلے آ گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق بھگدڑ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ 14 افراد مختلف نوعیت کے زخموں کے ساتھ زخمی ہوئے۔ جاں بحق شخص کی شناخت عقیل ولد بشیر ساکن بڈھا گورائیہ ڈسکہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ خود موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریسکیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں کو ہدایات دیں کہ زخمیوں کی فوری طبی امداد یقینی بنائی جائے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور انہیں سول ہسپتال سیالکوٹ منتقل کر دیا۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سٹیڈیم کے گیٹ کے باہر بھاری رش تھا اور لوگ انعامات حاصل کرنے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ گیٹ کھلتے ہی صورتحال کنٹرول سے باہر ہو گئی۔پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی جبکہ انتظامیہ نے تقریب کے انتظامات اور سیکیورٹی کے ناقص انتظامات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اعلان کیا ہے کہ شادی کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا جہاں لوگ ٹک ٹاکرز کی تقریبات میں بھاری ہجوم اور ناقص انتظامات پر تنقید کر رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے