گورنر فیصل کریم کنڈی کی زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

پشاور (کیو این این ورلڈ)شانگلہ میں سکول وین حادثے میں بچے کی ہلاکت پر گورنر کا اظہارِ افسوس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شانگلہ میں سکول وین کے کھائی میں گرنے کے افسوسناک حادثے میں ایک بچے کے جاں بحق ہونے پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر نے جاں بحق بچے کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شانگلہ میں پیش آنے والے حادثے پر انہیں دلی دکھ ہوا ہے۔ معصوم بچے کی قیمتی جان کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

گورنر نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر بھی زور دیا کہ حادثے سے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ میں سکول وین کھائی میں گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 17 زخمی ہوگئے۔ بیلے بابا میں سکول کے قریب پیش آنے والے حادثے میں ایک طالب علم جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے، تمام زخمی بچوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال الپوری منتقل کردیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے