وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رانا بلال احمد کی مقتولہ صبا کے والدین سے تعزیت، ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے مقتولہ دلہن صبا کے والدین سے ملاقات کی اور ان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر رانا بلال احمد نے سوگوار خاندان کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پیغام پہنچایا اور یقین دلایا کہ دلہن صبا کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

معاون خصوصی رانا بلال احمد کا کہنا تھا کہ خواتین اور شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے واقعات میں انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دلہن صبا قتل کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں ولیمے کی تقریب سے واپسی پر دلہن صبا کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے