سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف مدثر رتو کی رپورٹ)سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں اراضی کی خرید و فروخت کے معاملے میں ریونیو ریکارڈ میں جعل سازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے دو پٹواریوں کو معطل کر دیا ہے، جبکہ ان کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سمبڑیال میں شہری آصف کی 9 مرلے اراضی کے معاملے پر ریونیو ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔ تحصیلدار سمبڑیال کی رپورٹ پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پٹواری محمد اعظم اور سابق پٹواری رفاقت علی کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
متاثرہ شہری آصف کے مطابق اس نے چند ماہ قبل اسٹامپ پیپر پر بیعانہ ادا کرکے 9 مرلے اراضی کا قبضہ حاصل کیا تھا، تاہم پٹواریوں نے ملکیت کی تصدیق کیے بغیر فرد جاری کر دی، جس کے بعد اراضی کی رجسٹری بھی کروا دی گئی۔ شہری کے مطابق ریونیو ریکارڈ میں فروخت کنندگان کی ملکیت ثابت نہیں تھی، اس کے باوجود اراضی کی خرید و فروخت کا عمل مکمل کیا گیا۔
انتظامیہ نے دونوں معطل پٹواریوں کو دورانِ معطلی تحصیل آفس میں حاضر رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ان کی یوزر آئی ڈیز تبدیل کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے متاثرہ شہری کو معاملے کی شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔ دونوں اہلکاروں کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے تاکہ معاملے کی ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
