اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) جرنلسٹس الائنس پاکستان اور اوچ شریف پریس اینڈ میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کے اشتراک سے اوچ شریف میں جنوبی پنجاب کے صحافیوں کا نمائندہ اجتماع منعقد ہوا، جس میں دیہی علاقوں اور قصبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد عامل صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں آزادیٔ صحافت کو درپیش چیلنجز، پیکا ایکٹ کے تحت ہونے والی کارروائیوں، صحافیوں کے تحفظ، معاشی حقوق اور مقامی صحافت کو مضبوط بنانے کے امور پر اظہارِ خیال کیا گیا، جبکہ مصنوعی ذہانت، موبائل جرنلزم اور ڈیجیٹل صحافت کے حوالے سے عملی تربیتی ورکشاپ بھی منعقد ہوئی۔
اوچ شریف کے مقامی میرج ہال میں منعقدہ اس پروقار تقریب کی صدارت اوچ شریف پریس اینڈ میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کے بانی و چیف آرگنائزر اور جرنلسٹس الائنس پاکستان کے شریک چیئرمین ارشاد احمد شاد نے کی، جبکہ مہمان خصوصی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کی صدر اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی سابق سینئر نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال تھیں۔
تقریب میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن بہاول پور کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن اور سینئر قانون دان جمیلہ ناز ایڈووکیٹ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز سے وابستہ سینئر نان لائنر ایڈیٹر عبدالصمد، سینئر صحافی و مدیر احسان احمد سحر، ولی عہد درگاہ قادریہ عالیہ اوچ شریف مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی اور سید ناصر بخاری ایڈووکیٹ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ڈاکٹر سعدیہ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرائیکی خطے سے تعلق کی وجہ سے وہ یہاں کے صحافیوں کے مسائل اور ضروریات کو سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی اور قصباتی علاقوں میں صحافی اکثر محدود وسائل اور پیشہ ورانہ تربیت کے کم مواقع کے باوجود اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں، اس لیے مقامی صحافیوں اور میڈیا تنظیموں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کو قومی ترجیح قرار دیتے ہوئے قوانین پر منصفانہ اور شفاف عمل درآمد، ہراسانی کے خلاف مؤثر کارروائی اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے آزاد و مؤثر نظام کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط صحافت کے لیے صحافیوں کا تربیت یافتہ، محفوظ، بااختیار اور معاشی طور پر مستحکم ہونا ناگزیر ہے۔
سینئر صحافی اور مدیر احسان احمد سحر نے اپنے خطاب میں ضلعی نامہ نگاروں اور مقامی رپورٹرز کو درپیش مسائل، محدود وسائل، تربیت کے ناکافی مواقع اور پیشہ ورانہ دباؤ کی نشاندہی کی۔ انہوں نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے آزاد اور مؤثر کمیشن کے قیام، آزادیٔ صحافت کے تحفظ اور پیکا ایکٹ کے تحت صحافیوں کو درپیش مسائل کا سنجیدہ جائزہ لینے پر زور دیا۔ انہوں نے پیمرا، سائبر نگرانی اور انٹرنیٹ کی بندش جیسے معاملات کے صحافت اور آزادیٔ اظہار پر اثرات کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا۔
مخدوم زادہ سید عمر رضا گیلانی نے کہا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق اور معاشی تحفظ کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ مخدوم ناصر بخاری ایڈووکیٹ نے میڈیا اداروں پر زور دیا کہ وہ صحافیوں کی بروقت تنخواہوں، بہتر حالاتِ کار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کو یقینی بنائیں۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا نے ڈیجیٹل صحافت، مصنوعی ذہانت اور موبائل جرنلزم کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے معلومات کی تصدیق، صحافتی اخلاقیات اور آن لائن تحفظ کے شعبوں میں عملی تربیت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
تقریب کے دوران جرنلسٹس الائنس پاکستان کے رورل اینڈ ٹاؤن پریس کلبز ساؤتھ پنجاب چیپٹر کے نومنتخب عہدے داران سے سینئر صحافی احسان احمد سحر نے حلف لیا۔ اس موقع پر اوچ شریف پریس اینڈ میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کے چیف آرگنائزر ارشاد احمد شاد اور صدر محمد اعجاز خان پٹھان نے مہمانوں اور مختلف شہروں سے آنے والے صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اجتماع سے جنوبی پنجاب کے دیہی و قصباتی صحافیوں اور مقامی پریس تنظیموں کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو فروغ ملے گا۔
تقریب کے سلسلے میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا اور ان کی ٹیم نے “Strengthening Local Journalism: Skills, Ethics and In the Digital Age” کے موضوع پر صحافیوں کو تربیت دی۔ ورکشاپ میں شریک صحافیوں کو تربیت مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔
اوچ شریف پریس اینڈ میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کی جانب سے مرحوم صحافیوں سید عاشق علی فرخ اور رسول بخش نسیم سمیت دیگر مرحوم صحافیوں کی یاد میں جاری کیے گئے میموریل ایوارڈز ان کے ورثاء میں تقسیم کیے گئے، جبکہ سینئر صحافیوں کو ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
تقریب کی نظامت حمیداللہ خان عزیز نے کی۔ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت قاری عبدالوہاب نے حاصل کی، جبکہ مولانا علامہ احمد سعیدی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ اوچ شریف پریس اینڈ میڈیا کلب (رجسٹرڈ) کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اجتماع میں صدر اوچ سول سوسائٹی و انجمن تاجران محمد عمر خورشید سہمن، رکن ضلعی امن کمیٹی و صدر جماعت اہل سنت الحاج غلام یاسین سومرو، محمد اکمل شیخ، سینئر صحافی میاں محمد عامر صدیقی، ورکنگ جرنلسٹ حبیب اللہ خان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔