میہڑ میں کھلی کچہری کے دوران متعدد محکموں کے افسران غیر حاضر، شہریوں کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی

میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر تعلقہ میہڑ کے شہریوں کے بنیادی مسائل سننے اور سرکاری محکموں کے خلاف شکایات کے ازالے کے لیے مختیارکار آفس کے گراؤنڈ میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔ ایڈوائزر اور ریجنل ڈائریکٹر نصیر احمد ناریجو کی زیرِ نگرانی منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق شکایات اور درخواستیں پیش کیں۔

کھلی کچہری میں تعلقہ میہڑ کے مختلف سرکاری محکموں کے افسران کو شرکت کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم چند محکموں کے افسران کے علاوہ تحصیل میہڑ پولیس سمیت کئی متعلقہ محکموں کے ذمہ دار افسران غیر حاضر رہے۔ متعلقہ افسران کی عدم موجودگی کے باعث شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور مسائل کے حل کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے گئے۔

اس موقع پر میڈیا نمائندوں نے ریجنل ڈائریکٹر نصیر احمد ناریجو سے مختلف سرکاری محکموں کے افسران کی عدم حاضری اور شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات کے بارے میں سوالات کیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل ڈائریکٹر نصیر احمد ناریجو نے بتایا کہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے مختلف سرکاری محکموں کے خلاف متعدد شکایات اور درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شکایات پر عمل درآمد اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر دادو سمیت متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا اور شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر کوششیں کی جائیں گی۔

کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر میہڑ میڈم غلام فاطمہ گھلو، مختیارکار، سندھ بینک کے منیجر سید میر شاہ، تحصیل ہسپتال میہڑ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ہیمن کمار گوندا سمیت مختلف سرکاری محکموں کے بعض افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔

شہریوں نے کھلی کچہری کے ذریعے اپنے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچائے، جبکہ ریجنل ڈائریکٹر نے شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے اور ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے