گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی اسکول انتظامیہ کو ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر تعلیم سید عامر عبداللہ، سیکرٹری تعلیم عنایت اللہ وسیم، سکول کے پرنسپل اختر قریشی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیکرٹری تعلیم اور سکول کے پرنسپل نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ادارے کی تاریخ، تعلیمی خدمات، نمایاں کامیابیوں، بجٹ اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایبٹ آباد پبلک سکول کا شمار خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان کے نمایاں تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ادارے کی تعلیمی خدمات اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اسے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، اس لیے صوبے میں ایبٹ آباد پبلک سکول جیسے مزید معیاری تعلیمی ادارے قائم ہونے چاہییں۔ انہوں نے بتایا کہ مشیر تعلیم کو تعلیمی شعبے میں بہتری کے لیے اہم اہداف دیے گئے ہیں اور وہ ایبٹ آباد پبلک سکول کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادارے کے انتظامی امور اور تعلیمی معیار میں مزید بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے سکول کی کارکردگی اور پیش رفت سے متعلق ہر ماہ باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ جلد ایبٹ آباد پبلک سکول کا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل اختر قریشی نے انہیں ادارے کی یومِ والدین کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے