ایس ایس پی کی ہدایت پر مورو پولیس کا بڑا ایکشن، مصنوعی ذہانت سے جعلسازی کرنے والے گروہ کے قبضہ سے لیپ ٹاپ اور جعلی چیکس برآمد

نوشہروفیروز(کیو این این ورلڈ)ایس ایس پی نوشہروفیروز میر روحل خان کھوسو کی سخت ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران مورو پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فراڈ کرنے والے ایک خطرناک گینگ کو بے نقاب کر دیا ہے۔

ایس ڈی پی او مورو ڈاکٹر فائزہ سوڈھر کی سربراہی میں قمرالدین چانڈیو تھانہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے لیپ ٹاپس، موبائل فونز اور متعدد جعلی چیکس بھی برآمد کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور وائس کلوننگ سافٹ ویئر کا استعمال کر کے کسی بھی شخص کی ہوبہو فیک آواز نکالتے تھے۔ ملزمان خود کو پولیس افسر، فوجی افسر، بینک منیجر یا معزز شخصیت ظاہر کرتے اور شہریوں کو سرکاری نوکریاں دلانے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورتے تھے۔ اس جدید طریقے سے ملزمان نے آن لائن ٹرانزیکشنز، بینک فراڈ اور جعلی چیکس کے ذریعے شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیائے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ گینگ کے دیگر سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے