شیخوپورہ میں لرزہ خیز واقعات: مالکان کے تشدد سے 12 سالہ ملازمہ جاں بحق جبکہ 9 سالہ بچی شدید زخمی

شیخوپورہ (کیو این این ورلڈ):شیخوپورہ میں گھریلو ملازمات پر مبینہ بدترین تشدد کے دو دل دہلا دینے والے واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں ایک 12 سالہ بچی جان کی بازی ہار گئی جبکہ دوسری 9 سالہ معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔

پہلا لرزہ خیز واقعہ خالد روڈ پر پیش آیا جہاں گھر کی مالکن کے مبینہ بہیمانہ تشدد سے 12 سالہ گھریلو ملازمہ زینب جاں بحق ہو گئی۔ اہل خانہ کے مطابق مقتولہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے رفاقت نامی شخص کے گھر ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی، جسے گھر کی مالکن نے ڈنڈوں اور سوٹوں کے ذریعے تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی ہے اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

دوسرا اندوہناک واقعہ گجر ٹاؤن میں پیش آیا جہاں پولیس ملازمین میاں بیوی (وارث اور اس کی اہلیہ زنیرہ) نے مبینہ طور پر چوری کا الزام لگا کر 9 سالہ گھریلو ملازمہ ایمان فاطمہ پر شدید تشدد کیا۔ متاثرہ بچی اور اس کے والدین کے مطابق ملزمان نے ڈنڈوں اور سوٹوں سے مار پیٹ کر بچی کا بازو توڑ دیا اور جسم پر گرم سریا بھی لگائے۔ ہمسائیوں کی مداخلت پر بچی کی جان بچائی گئی جبکہ پولیس متاثرہ بچی کو ہسپتال چھوڑ کر چلی گئی۔

متاثرہ بچی کے والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ بااثر ملزمان نے دباؤ ڈال کر اسٹامپ پیپر پر زبردستی انگوٹھے بھی لگوائے اور اب انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ والدین نے یہ شکوہ بھی کیا ہے کہ پولیس نے مقدمے میں بازو ٹوٹنے سے متعلق سنگین دفعات شامل نہیں کیں۔ متاثرہ خاندان اور عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے دونوں واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی اور فوری انصاف کی پرزور اپیل کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے