یتیموں اور شہداء کے بچوں کا روشن مستقبل ہماری ترجیح ہے: فیصل کریم کنڈی

پشاور (کیو این این ورلڈ):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بچوں کو معیاری تعلیم اور روشن مستقبل فراہم کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے، جبکہ وطن کی خاطر قربانیاں دینے والے شہداء کے بچوں کی سرپرستی اور فلاح و بہبود تمام معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پاکستان سویٹ ہومز کو کیڈٹ کالج کے قیام کے لیے مفت سرکاری اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین زمرد خان کو گورنر ہاؤس پشاور میں اپنا کیمپ آفس قائم کرنے کی دعوت بھی دی تاکہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں پاکستان سویٹ ہوم کے طلبہ، اساتذہ اور ڈونرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر چیئرمین زمرد خان کو بے سہارا اور یتیم بچوں کے لیے سرگرمِ عمل رہنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ چیئرمین زمرد خان نے سیکیورٹی فورسز کے شہداء اور یتیم بچوں کے لیے پری کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا اور بتایا کہ ملک بھر سے 50 ہزار بچوں کو اسکالرشپس دیے جائیں گے جن میں شہداء کے بچوں کو اولیت حاصل ہوگی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے زمرد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست شہداء کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عہدہ سنبھالتے ہی پولیس شہداء کے بچوں کی فلاح کے لیے خصوصی پیکج اور فنڈز قائم کیے گئے، جبکہ شہداء کی بیٹیوں کے لیے جہیز فنڈ کے تحت 10 لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ گورنر نے مزید کہا کہ تمام اداروں، سیکیورٹی فورسز اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے