بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک، لاہور سے تعلق رکھنے والے میجر شہید

راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم گروہ فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قلات میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اور علاقے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ ان ٹھکانوں کو مقامی آبادی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں شروع کیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ٹھکانے سے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید میجر وجاہت وحید کی عمر 34 سال تھی اور ان کا تعلق لاہور سے تھا۔ انہوں نے فرض کی ادائیگی اور مادرِ وطن کے دفاع کے دوران اپنی جان قربان کی۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں اور متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے