ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ، بیورو چیف احسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ عاشق حسین کرمانی کی جانب سے مویشی پال حضرات کو جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کے تحت لائیو اسٹاک کمپلیکس ننکانہ صاحب میں جدید اینیمل آپریشن تھیٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب اور رکن پنجاب اسمبلی آغا علی حیدر نے آپریشن تھیٹر کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ندا اقبال، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر فراز منیر، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر خورشید عالم اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب نے کہا کہ جانور دیہی معیشت اور مویشی پال خاندانوں کے روزگار کا اہم ذریعہ ہیں۔ جدید ویٹرنری سہولیات کی فراہمی سے بیمار اور زخمی جانوروں کو بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی، جبکہ مویشی پال حضرات کو درپیش مشکلات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر فراز منیر نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے مویشی پال حضرات کے لیے جدید اینیمل آپریشن تھیٹر کا قیام بڑی خوشخبری ہے، کیونکہ اب ان کے قیمتی جانوروں کے پیچیدہ آپریشن اور علاج کی سہولت ضلع میں ہی دستیاب ہوگی۔ اس سے جانوروں کو علاج کے لیے لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں لے جانے کی پریشانی اور اضافی اخراجات سے بچنے میں مدد ملے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ننکانہ صاحب ڈاکٹر خورشید عالم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کے علاج کی سہولت پہلے سے مقررہ سرکاری فیس پانچ روپے میں ہی فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد مویشی پال حضرات کو کم خرچ میں علاج کی سہولت مہیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی سے جانوروں کی صحت کے تحفظ، قیمتی مویشیوں کی اموات کے باعث ہونے والے مالی نقصانات میں کمی اور دودھ و گوشت کی پیداوار برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
ڈاکٹر خورشید عالم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید سہولیات متعارف کرانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ مویشی پال حضرات کو اپنے علاقوں میں جانوروں کے علاج کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ ننکانہ صاحب میں جدید ویٹرنری آپریشن تھیٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
