پولیس شہداء کے 54 خاندانوں کو پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز، زخمی اہلکاروں کے معاوضے بھی بڑھانے کا فیصلہ

پشاور(کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس کی تنخواہوں، شہداء پیکج اور مختلف مراعات میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے تنخواہوں کے پیکج میں توقعات سے بڑھ کر اضافہ کیا جائے گا اور خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہونی چاہئیں۔ انہوں نے پولیس شہداء اور دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں کے معاوضوں میں اضافے، شہداء کے بچوں کی تعلیم اور خاندانوں کے لیے مزید مالی معاونت کے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایڈوائزری کونسل کے اراکین، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید، پولیس افسران اور شہداء کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کانسٹیبل سے ڈی ایس پی تک کے عہدوں پر تعینات رہنے والے 54 پولیس شہداء کے ورثاء میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

گورنر نے پولیس شہداء اور دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں کے معاوضوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو بہتر مالی سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے شہداء کے بچوں کے لیے پلاٹ کی بجائے گھر خریدنے کی غرض سے مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا، تاکہ متاثرہ خاندانوں کو رہائش کے حصول میں سہولت مل سکے۔

فیصل کریم کنڈی نے دہشت گردی کے واقعات میں پولیس اہلکاروں کے خاندان کے افراد، جن میں والدین، شریکِ حیات، بچے اور بہن بھائی شامل ہیں، کے قتل کی صورت میں خصوصی مالی معاونت پیکج متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا۔ اس کے علاوہ دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور امن و امان کی ڈیوٹی کے علاوہ دیگر وجوہات سے وفات پانے والے پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

گورنر نے پولیس شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے موقع پر خصوصی تحفے کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی ضروریات کا خیال رکھنا اور انہیں مشکلات سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات کرنا اہم ہے۔

شہداء کے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے گورنر نے مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے مؤثر نظام مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان کی زیرسرپرستی سویٹ ہومز اور بینکوں کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) پروگرامز کے تعاون سے شہداء کے بچوں کی تعلیم کے انتظامات کیے جائیں، تاکہ وہ بہتر تعلیمی مواقع حاصل کرسکیں اور اپنے مستقبل کو محفوظ بنا سکیں۔

پولیس کی افرادی قوت سے متعلق امور پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نفری کی کمی دور کرنا ضروری ہے تاکہ اہلکاروں پر کام کا غیرضروری دباؤ کم ہو اور عوام کے تحفظ کے لیے مطلوبہ نفری کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں، شہداء کے خاندانوں کی مالی معاونت، زخمی اہلکاروں کے معاوضوں اور دیگر مراعات میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ شہداء کے بچوں کی تعلیم اور خاندانوں کی فلاح و بہبود کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے