اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ساہیوال ریجن کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی، جس کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کاوشوں سے اوکاڑہ سمیت ریجن کے سیف سٹی کوریج ایریاز میں جرائم برخلاف املاک کی شرح میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایس ایس پی ساہیوال ریجن نصراللہ وڑائچ کے مطابق سیف سٹی کی جدید نگرانی اور بروقت نشاندہی کی بدولت سی سی ڈی اور مقامی پولیس نے 12 جرائم پیشہ گینگز کے 32 ارکان کو گرفتار کیا۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان سے ایک کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا، جبکہ سیف سٹی کی معاونت سے 174 مقدمات بھی ٹریس کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق شہریوں کی سہولت اور عوامی خدمت کے شعبے میں بھی نمایاں اقدامات کیے گئے۔ سیف سٹی نظام کی مدد سے 128 گمشدہ افراد اور بچوں کو بحفاظت ان کے اہلِ خانہ سے ملایا گیا، جبکہ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ذریعے خواتین کی 2 ہزار 853 شکایات نمٹائی گئیں۔
اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین اور دیگر مسافروں کو ہنگامی حالات میں فوری مدد فراہم کرنے کے لیے 945 نئے کیو آر پینک بٹن نصب کیے گئے، جن کا مقصد ضرورت کے وقت متعلقہ اداروں تک فوری اطلاع پہنچانے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد دینا ہے۔
ایس ایس پی ساہیوال ریجن نصراللہ وڑائچ اور ڈسٹرکٹ منیجر اوکاڑہ زین اسلم کی زیرِ نگرانی سیف سٹی نظام کی مؤثر فعالیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور متعلقہ پولیس اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے اقدامات جاری ہیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور ہنگامی حالات میں فوری پولیس امداد یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔