ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ، اوکاڑہ کنگ دوسری بار چیمپئن بن گیا

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ /بیورو چیف ملک ظفر) ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ اور ادارہ دی ماسٹر کے اشتراک سے منعقدہ ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو کے فائنل میں اوکاڑہ کنگ نے راوی ہنٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے، جارحانہ حکمت عملی اور اعلیٰ فنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ کھلاڑیوں کی برق رفتار حرکات اور عمدہ دفاعی صلاحیتوں نے مقابلے کو دلچسپ بنائے رکھا، جبکہ شائقین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ کامیابی کے ساتھ اوکاڑہ کنگ نے گزشتہ سیزن کی فتح برقرار رکھتے ہوئے دوبارہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

فائنل مقابلے اور تقریبِ تقسیمِ انعامات میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف انسٹرکٹر شہیان ڈاکٹر محمد عارف صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریبِ تقسیمِ انعامات کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ ادارہ دی ماسٹر کی جانب سے مہمانانِ خصوصی کو تعریفی شیلڈز پیش کی گئیں۔

میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے سپر لیگ کے شاندار انعقاد پر ادارہ دی ماسٹر کے نعیم اختر اور محمد وسیم طارق کو مبارکباد پیش کی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے اور کھیلوں کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو کا کامیاب انعقاد ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ اور ادارہ دی ماسٹر کی مشترکہ کوششوں کا مظہر ہے۔ ایونٹ میں ہونے والے سنسنی خیز مقابلوں نے کراٹے کے شائقین کو معیاری کھیل دیکھنے کا موقع فراہم کیا، جبکہ اوکاڑہ کنگ کی مسلسل دوسری کامیابی نے ٹیم کی محنت، نظم و ضبط اور بہترین تیاری کو نمایاں کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے