خیبر میں توڑ پھوڑ اور بدامنی میں ملوث پی ٹی آئی سے وابستہ 42 شرپسندگرفتار، 25 غیر قانونی افغان بھی شامل

پشاور+باڑہ (کیو این این ورلڈ) خیبر کے علاقے باڑہ چوک میں توڑ پھوڑ اور بدامنی کے واقعات کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 42 افراد کو گرفتار کرلیا، جن میں 25 غیر قانونی افغان شہری بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب باڑہ بائی پاس روڈ پر احتجاج کے دوران ایک پی ٹی آئی کارکن کے زخمی ہونے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم، سرکاری املاک کو نقصان پہنچنے اور فائرنگ کے نتیجے میں 11 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشاورتی کونسل ثمر ہارون بلور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ باڑہ چوک خیبر میں توڑ پھوڑ اور بدامنی میں ملوث ہونے پر پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ 42 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق گرفتار افراد میں سے 25 غیر قانونی افغان شہری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پالیا ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورت حال کنٹرول میں ہے۔

دوسری جانب باڑہ سے نور حلیم آفریدی کی رپورٹ کے مطابق باڑہ بائی پاس روڈ پر احتجاج کے دوران ایک پی ٹی آئی کارکن زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے ڈوگرہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی باڑہ بازار پہنچے اور کارکنوں کو پُرامن رہنے کی تلقین کی۔

رپورٹ کے مطابق بعد ازاں مظاہرین کے ایک مقام پر جمع ہونے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے اور پولیس پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ صورت حال بگڑنے پر پولیس اہلکار جائے وقوعہ سے پیچھے ہٹ گئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مظاہرین نے ریسکیو آفس کے شیشے توڑ دیے جبکہ نادرا آفس کو جزوی طور پر آگ لگائی گئی۔ اس دوران پولیس کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد باڑہ میں کشیدگی برقرار رہنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ صورت حال پر قابو پانے کے لیے پشاور سے پولیس کی مزید نفری اور پولیس وین باڑہ روانہ کی گئیں۔

تاہم، گرفتار افراد کی شناخت، زخمیوں کی حتمی تفصیلات اور فائرنگ کے واقعے سے متعلق پولیس کا مؤقف سامنے آنے پر صورت حال مزید واضح ہوسکے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے