راولپنڈی(کیو این این ورلڈ) راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے لیے 216 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے معاذ صداقت نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 51 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 96 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کے ساتھ 73 رنز بنائے، جبکہ فخر زمان نے 22 اور حسن نواز نے 19 رنز کا تعاون کیا۔ سری لنکا کی طرف سے ایشان ملنگا، تھیپکشنا اور داسن شناکا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس اہم میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، جہاں آل راؤنڈر رضا اللہ کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سلمان مرزا کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری۔ یاد رہے کہ تین میچوں کی اس سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور آج کے میچ میں فتح کی صورت میں قومی ٹیم سیریز اپنے نام کر لے گی۔