پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی: 12 دہشت گرد ہلاک، پشین میں افغان اسلحہ سمگلنگ کی کوشش بھی ناکام

راولپنڈی: (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے ضلع کرم میں پاک افغان سرحد پر خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے مؤثر کارروائی میں 12 خوارج اور ان کی مدد کرنے والے افغان طالبان کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اکتوبر 2026 کو سرحد پار سے دراندازی کے دوران افغان طالبان کی پوسٹوں نے خوارج کی سہولت کاری کے لیے فائرنگ کی، جس کا فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ نائب صوبیدار ہدایت امان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ افغان طالبان حکومت کی اپنی سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے اور بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مسلسل ناکامی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔ آئی ایس پی آر نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان نے ‘آپریشن رد الفتنتہ 3’ کے تحت پشین کے علاقے سرانان میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔ گودام پر چھاپے کے دوران اسلحہ و گولہ بارود سے بھری گاڑی سے 3 آر پی جی، 4 لائٹ مشین گنز، دستی بم اور راکٹس برآمد کیے گئے، جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے