پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کی بدلتی ہوئی سیاسی اور انتظامی صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا اہم موقف سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے وفاق کی جانب سے ایمرجنسی یا گورنر راج کے ممکنہ فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایمرجنسی یا گورنر راج کا اعلان کیا گیا تو لوگ ترکیہ کی مثال دینا بھی بھول جائیں گے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ وفاق کے پاس ہماری آئینی و قانونی ڈیمانڈز ماننے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج یا ایمرجنسی کا باضابطہ اعلان کیے بغیر ایسے اقدامات کرنا آئین و قانون کی نظر میں بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے اگر حکومت نے ایسا کوئی قدم اٹھانا ہے تو جگر و گردہ پیدا کرے اور کھل کر اعلان کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنے آئینی اور قانونی مطالبات سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان کا لانگ مارچ تمام مطالبات کی منظوری تک مسلسل جاری رہے گا۔