چوٹی ایئرپورٹ روڈ پر حادثہ، ریسکیو 1122 نے زخمی کو طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کیا، رکشہ بھی نہر سے نکال لیا

ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ/ڈویژنل بیوروچیف مرید حسین ٹالپور) چوٹی ایئرپورٹ روڈ پر کچی کینال میں پانی کی کینز سے لدا پھٹہ رکشہ بے قابو ہو کر نہر میں الٹ گیا، جس کے نتیجے میں 15 سالہ لڑکا شاکر زخمی ہو گیا۔ ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور پھٹہ رکشہ نہر سے نکال کر مالک کے حوالے کر دیا۔

ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو اطلاع موصول ہوئی کہ چوٹی ایئرپورٹ روڈ پر کچی کینال میں ایک پھٹہ رکشہ گر گیا ہے، جس میں ایک لڑکا زخمی ہوا ہے اور رکشے کو بھی نہر سے نکالنے کی ضرورت ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول روم نے قریبی دستیاب ایک ایمبولینس اور ایک ریسکیو وہیکل کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا۔ ریسکیو ٹیم آٹھ منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے وقت پھٹہ رکشے پر پینے کے پانی سے بھری کینز لدی ہوئی تھیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق نہر کے کنارے پینے کے پانی کا ایک واٹر پمپ نصب ہے، جہاں سے مقامی افراد پانی بھر کر لے جاتے ہیں۔ پانی کی کینز رکشے پر لوڈ کرنے کے بعد جب ڈرائیور رکشے کو سڑک پر چڑھانے لگا تو اچانک اس کی چین نکل گئی اور بریک فیل ہونے کے باعث رکشہ بے قابو ہو کر نہر میں الٹ گیا۔

حادثے میں شاکر ولد محمد حنیف، عمر 15 سال، زخمی ہوا، جس کے دائیں پاؤں پر چوٹیں آئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ہی اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعدازاں زخمی کو پولیس کی نگرانی میں مزید علاج معالجے اور قانونی کارروائی کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو ٹیم نے آپریشن کے دوران پھٹہ رکشے کو بھی نہر سے بحفاظت باہر نکال کر اس کے مالک کے حوالے کر دیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق کارروائی میں دو ریسکیو گاڑیاں، ایک ایمبولینس اور ایک ریسکیو وہیکل، حصہ لیا۔ حادثے کی ابتدائی وجہ رکشے کی چین نکلنے اور بریک فیل ہونے کو قرار دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے