راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں عزمِ استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ 4 اہم دہشت گرد کمانڈرز سمیت مجموعی طور پر 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مؤثر کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور نقل و حرکت سے متعلق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈرز سمیت متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں صدرِ مملکت نے کہا کہ چار اہم خارجی کمانڈرز سمیت 9 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کا مظہر ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔
شمالی وزیرستان میں ہونے والی یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خیبرپختونخوا کے مختلف قبائلی اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔