واشنگٹن (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور حوثی ملیشیا کی جانب سے ایئرپورٹس اور فضائی حدود کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے پیش نظر امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب میں موجود اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے قونصلر امور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی شہریوں کو سعودی عرب میں سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی ماضی میں سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں کرچکے ہیں، جن میں شہری ایئرپورٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق موجودہ فوجی تنازع مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، جس کے باعث سعودی عرب میں فضائی سفر بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بعض پروازیں منسوخ ہوسکتی ہیں جبکہ فضائی حدود کی بندش یا دیگر سفری رکاوٹیں بھی پیدا ہوسکتی ہیں۔
محکمہ خارجہ نے سعودی عرب میں موجود امریکی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی سکیورٹی صورتحال سے باخبر رہیں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
امریکی شہریوں کو خاص طور پر مشورہ دیا گیا ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل اپنی پرواز کی روانگی اور دیگر متعلقہ معلومات ایئر لائن اور متعلقہ ایئرپورٹ سے براہِ راست معلوم کریں تاکہ ممکنہ منسوخی، تاخیر یا فضائی حدود میں تبدیلی کی صورت میں انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی یہ ہدایت سعودی عرب میں موجود سکیورٹی خدشات اور خطے میں جاری فوجی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔