گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گوجرانوالہ میں سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی مرحوم چوہدری محمود بشیر ورک کی رہائش گاہ پہنچیں، جہاں انہوں نے مرحوم کی اہلیہ، صاحبزادے راشد بشیر ورک، بیٹیوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور مغفرت و بلندی درجات جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چوہدری محمود بشیر ورک کی ملک و قوم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف ایک وفادار ساتھی جبکہ وہ خود ایک مشفق بزرگ کی شفقت سے محروم ہوگئی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بشیر محمود ورک کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مشکل اور اچھے وقت میں پارٹی سے وفاداری نبھائی اور اس کی مضبوطی کے لیے مسلسل کردار ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بشیر محمود ورک گوجرانوالہ کے عوام اور پارٹی کارکنوں کے لیے ایک مشفق بزرگ اور قابل قدر اثاثہ تھے۔ ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوسکتا، جبکہ والدین کی کمی بھی تاحیات پوری نہیں ہو سکتی۔
مریم نواز شریف نے مرحوم کے صاحبزادے راشد بشیر ورک کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ راشد بشیر ورک اپنے والد کی سیاسی وراثت کو بھرپور انداز میں آگے بڑھائیں۔
اس موقع پر مرحوم بشیر محمود ورک کی اہلیہ، صاحبزادے راشد بشیر ورک اور دیگر اہل خانہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد اور تعزیت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ راشد بشیر ورک نے کہا کہ مشکل وقت میں قائد محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے جس طرح خاندان کی ڈھارس بندھائی، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مرحوم بشیر محمود ورک کی رہائش گاہ پر موجود ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے فرداً فرداً نشست پر جا کر ملاقات کی اور گوجرانوالہ کے ارکان اسمبلی و کارکنوں کی خیریت دریافت کی۔
مریم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے گوجرانوالہ کی سیاسی و تنظیمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور ان سے تجاویز اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کی نشست خالی ہوئی ہے، جس پر الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ضمنی انتخاب 8 نومبر 2026 کو ہوگا۔