کے پی میں ایمرجنسی کے نفاذ پر سنجیدہ غور، پیپلز پارٹی سے تعاون کی امید

ایاز صادق نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے پس پردہ رابطوں کی تفصیلات بتائیں،کے پی میں ایمرجنسی کے نفاذ پر سنجیدہ غور، پیپلز پارٹی سے تعاون کی امید،صدر اور وزیراعظم کی ملاقات متوقع، پی ٹی آئی لانگ مارچ کا جائزہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں اہم قانونی اور پارلیمانی امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اسپیکر ایاز صادق نے وزیراعظم کو اپوزیشن سے پس پردہ رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا اور پیپلز پارٹی کے وفد سے اپنی ملاقات کی تفصیلات بھی بتائیں۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کا آئندہ اجلاس طلب کیے جانے کے امکان پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور بیک ڈور رابطوں کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال پر غور کے لیے صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات بھی متوقع ہے۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں پیپلز پارٹی وفاقی حکومت سے تعاون کرے گی۔

ادھر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی حکومت پیپلز پارٹی سے مشورہ مانگے گی تو آئین کے تحت تجاویز دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک تحفظ آئین کی آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ بلاول بھٹو زرداری کو بھیج دیا گیا ہے اور شرکت کا فیصلہ پارٹی کے سی ای سی اجلاس میں کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے