آئی ایم ایف وفد اسلام آباد پہنچ گیا، پاکستان سے معاشی اہداف اور اصلاحات پر مذاکرات آج سے

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ)پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان آج سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہوں گے، جن میں ملکی معیشت، مالیاتی صورتحال، ٹیکس وصولیوں، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور دیگر اہم معاشی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جبکہ مذاکرات میں وزیر خزانہ کے ساتھ پاکستانی اقتصادی ٹیم بھی شریک ہوگی۔ مذاکرات میں 30 جون تک کے معاشی اعداد و شمار اور حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے آئی ایم ایف وفد کو ساورن ویلتھ فنڈ اور گردشی قرضے میں کمی کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ چینی کے شعبے کو ڈی ریگولیٹ نہ کرنے کی وجوہات سے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔

مذاکرات کے دوران پاکستان کی جانب سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور پرائمری سرپلس کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور شرح تبادلہ سے متعلق اعداد و شمار بھی آئی ایم ایف کے سامنے رکھے جائیں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف اور ایف بی آر حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں ٹیکس نیٹ بڑھانے، ٹیکس وصولیوں میں بہتری اور ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر بات چیت ہوگی۔ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے اور محصولات میں اضافے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

وزارت توانائی کی جانب سے بھی آئی ایم ایف وفد کو گردشی قرضے کی صورتحال اور توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ توانائی کے شعبے میں مالیاتی مسائل، اصلاحات اور گردشی قرضے میں کمی کے اقدامات مذاکرات کا اہم حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب اور ایف آئی اے کے حکام بھی آئی ایم ایف وفد کو اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

مذاکرات میں وفاقی حکومت کے علاوہ صوبائی حکومتوں سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ آئی ایم ایف پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومتوں کے حکام سے ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو کی وصولی بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومتوں سے زرعی ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی اور صوبوں کی جانب سے محصولات بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

مذاکرات کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی، مالیاتی اہداف اور مختلف شعبوں میں اصلاحات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ متعلقہ حکام آئی ایم ایف وفد کو موجودہ معاشی صورتحال اور حکومت کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *