این اے 168 بہاولپور: ملک منیر اقبال چنڑ 36 ہزار 683 ووٹوں کی برتری سے کامیاب

بہاولپور (کیو این این ورلڈ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب ہوگئے، تمام 292 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 79 ہزار 306 ووٹ حاصل کیے۔

آزاد امیدوار چوہدری ولی داد چیمہ 42 ہزار 623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ یوں ملک منیر اقبال چنڑ نے اپنے قریبی حریف پر 36 ہزار 683 ووٹوں کی برتری حاصل کی۔ نتائج ابھی غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، حتمی نتیجہ متعلقہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔

حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ اتوار 27 ستمبر کو صبح 8 بجے شروع ہوئی اور شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ مقررہ وقت پر پولنگ اسٹیشنز کے احاطے میں موجود ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کا موقع بھی دیا گیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔

حلقے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 رجسٹرڈ ووٹرز تھے جبکہ ووٹنگ کے لیے 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ کے دوران سکیورٹی کے لیے 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق 16 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اے کیٹیگری، 87 کو بی اور 189 کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا تھا۔

این اے 168 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو ضمنی انتخاب میں امیدوار نامزد کیا، جنہوں نے کامیابی حاصل کرکے یہ نشست دوبارہ مسلم لیگ (ن) کے پاس برقرار رکھی۔

دوسری جانب آزاد امیدوار چوہدری ولی داد چیمہ، سابق وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔ ضمنی انتخاب میں دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلہ نمایاں رہا، تاہم تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آنے کے بعد ملک منیر اقبال چنڑ کو واضح برتری حاصل رہی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *