خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی)ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک ضلع خیبر عبدالغنی آفریدی کے حجرے پر 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے قومی ذمہ داران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں لانگ مارچ کی تیاریوں، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس سے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان پی کے 71 محب اللہ آفریدی، شاہ خالد آفریدی، عابد اللہ آفریدی، نزیر جان، عبداللہ، افتخار، تاج محمد، مینار گل، خان زمان سمیت کئی دوستوں نے خطاب کرتے ہوئے موجودہ سیاسی صورتحال اور چار اکتوبر کے لانگ مارچ کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرمین ڈیڈک ضلع خیبر عبدالغنی آفریدی نے تمام قومی ذمہ داران کو چار اکتوبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے ضروری ہدایات دیتے ہوئے خصوصاً ڈور ٹو ڈور عوامی رابطہ مہم شروع کرنے اور بھرپور تیاریوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ذمہ داران اپنے اپنے علاقوں میں عوام سے رابطے تیز کریں، ورکرز کو متحرک کریں اور چار اکتوبر کے لیے بھرپور تیاری مکمل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ چار اکتوبر کو ہم ایک عظیم الشان قافلے کے ساتھ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی کی قیادت میں نکلیں گے۔ یہ جدوجہد سب سے پہلے عمران خان کی آزادی کے لیے ہے اور اس کے ساتھ رول آف لا، عدلیہ کی آزادی، اداروں کی آزادی اور حقیقی آزادی کے لیے ہے۔ یہ ایک آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد ہے، جس میں عوام اپنے بنیادی اور جمہوری حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کریں گے۔
تمام قومی ذمہ داران، عہدیداران اور ورکرز آج ہی سے بھرپور تیاریوں کا آغاز کریں۔ ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم کو مؤثر بنائیں، عوام کو متحرک کریں اور چار اکتوبر کے عظیم الشان قافلے کے لیے منظم انداز میں تیاریاں مکمل کریں۔ ان شاء اللہ چار اکتوبر ایک بھرپور، منظم اور پرامن عوامی جدوجہد کا دن ہوگا۔