خیبر: جے یو آئی تحصیل باڑہ کے زیر اہتمام ڈیجیٹل میڈیا کنونشن، ذمہ دارانہ استعمال پر زور

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) تحصیل باڑہ کے تحت سابق رکن قومی اسمبلی الحاج خلیل الرحمٰن آفریدی کے حجرہ باڑہ شلوبر میں یکم اکتوبر فاٹا کنونشن کے سلسلے میں ڈیجیٹل میڈیا ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں ضلعی و تحصیلی قیادت، میڈیا ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کنونشن میں ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر، ذمہ دارانہ اور منظم استعمال، جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے جماعتی و تنظیمی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے، مستند معلومات کی فراہمی اور عوامی رابطے کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی جے یو آئی کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر صداقت خان تھے۔ دیگر شرکاء میں ضلع خیبر کے امیر مولانا حضرت خان منیب، سیکرٹری جنرل ضلع خیبر ملک سید کبیر، سابق تحصیل باڑہ چیئرمین مفتی محمد کفیل آفریدی، ضلعی میڈیا کوآرڈینیٹر امجد عزیز، صوبائی ڈیجیٹل میڈیا ممبر مجیب ساحل، فاٹا فنانس سیکرٹری و نائب صدر ضلع خیبر الحاج شمس الدین آفریدی، تحصیل جمرود کے مولانا نور الامین حقانی، مولانا محمد کریم، تحصیل باڑہ کے امیر مولانا مستقیم شاہ حقانی، سیکرٹری جنرل مولانا سیف اللہ فرقانی، سینئر نائب امیر اسداللہ حقانی، سابق صوبائی صدر قاری قسمت اللہ، سیکرٹری اطلاعات جے یو آئی باڑہ و ممبر ڈیجیٹل میڈیا سیل مولانا سید جلیل حقانی، سیکرٹری اطلاعات محمد انور اور تحصیل باڑہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا صدیق حقانی سمیت دیگر ذمہ داران اور کارکنان شامل تھے۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل میڈیا معلومات کی ترسیل اور عوامی رابطے کا ایک اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا پر مواد کی تیاری، اشاعت اور تشہیر کے دوران درست معلومات، اخلاقی اصولوں، ذمہ دارانہ رویے اور معلومات کی تصدیق کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *